ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پانچ میگاوولٹ کا ٹرانسفارمر پہنچا بھٹکل؛ ہیبلے میں تنصیب کا کام جاری؛ جمعرات سے بجلی کا مسئلہ حل ہونے کی توقع

پانچ میگاوولٹ کا ٹرانسفارمر پہنچا بھٹکل؛ ہیبلے میں تنصیب کا کام جاری؛ جمعرات سے بجلی کا مسئلہ حل ہونے کی توقع

Wed, 15 Mar 2023 20:48:21    S.O. News Service

بھٹکل 15 مارچ (ایس او نیوز)   نیا 5MVA (پانچ میگا وولٹ ایمپئیر) ٹرانسفارمر ہوسپیٹ سے آج بدھ دوپہر کو بھٹکل پہنچا جس کی تنصیب کا کام ہیبلے (حنیف آباد) الیکٹرک گریڈ میں جاری ہے۔ ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے بتایا کہ راستے میں  ٹرانسفارمر لانے والی لاری کا پہیہ پنکچر ہونے کی وجہ سے صبح  پہنچنے والا ٹرانسفارمر  دوپہر قریب تین بجے  بھٹکل پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ صبح چار بجے سے ہم  الیکٹرک گریڈ میں نئے ٹرانسفارمر کو نصب کرنے کے لئے  پیشگی تیاریاں شروع کردی  تھی، ناشتہ ، دوپہر کا کھانا  ہم سب لوگ  اسی الیکٹرک گریڈ میں واقع دفتر  میں کررہے ہیں اور ہم نے تہیہ کررکھا ہے کہ رات بھلے کتنی بھی  دیر ہوجائے ،   نئے ٹرانسفارمر کو نصب کرنے کا کام ہم مکمل کرکے ہی  گھر جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ  17 ٹن وزنی اس ٹرانسفارمر کی قیمت 62 لاکھ روپیہ ہے،  ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ کاروار ضلع پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو  آفسر محمد روشن  جن کا تبادلہ ہبلی ہیسکام  میں  مینجنگ ڈائرکٹر کے طور پر ہوا ہے،  وہ بھٹکل اور اُترکنڑا  کے  حالات سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے ایک ہی دن میں  نیا ٹرانسفارمر منظور کرایا ہے۔ ورنہ اتنی بڑی لاگت کا  ٹرانسفارمر اتنی آسانی کے ساتھ منظور نہیں ہوتا ہے۔

منجوناتھ نے بتایا کہ   پانچ میگا وولٹ کے ایک ٹرانسفارمر سے آدھے بھٹکل کو بجلی سپلائی کی جاتی ہے، بھٹکل کے ہیبلے گریڈ میں  ایسے  تین ٹرانسفارمر ہیں، جس میں سے ایک خراب ہوگیا تھا۔انہوں نے  بتایا کہ بھٹکل میں بجلی  بند ہونے کی شکایتوں  کو ختم کرنے کے لئے 110KV لائن  ضروری ہے، اس کام کے لئے  بھی  ہیسکام  کے مینجنگ ڈائرکٹر محمد روشن   کی طرف سے  مکمل تعاون مل رہا ہے، توقع ہے کہ وہ کام بھی جلد شروع ہوگا، چونکہ بھٹکل میں بجلی کی کھپت بھی زیادہ ہے، اس لئے  ہمارے پاس  اب پانچ میگا کے تین ٹرانسفارمر موجود  ہیں۔

منجوناتھ نے بتایا کہ  ہم جان بوجھ کر بجلی کو نہیں کاٹتے، عوام کو اتنا تو شعور ہونا چاہئے کہ عوام جتنی زیادہ بجلی استعمال کریں گے، ہیسکام کو اُتنی ہی زیادہ کمائی ہوگی،  ایسے میں کوئی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ  بجلی کی کٹوتی کرکے ہیسکام کی کمائی میں کمی واقع ہو۔ عید اور تہوار کے موقعوں پر ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ  بجلی  بند نہ ہو، کیونکہ تہواروں کے موقعوں پر دیگر ایام کے مقابلے میں  زیادہ بجلی استعمال ہوتی ہے، جس سے ہیسکام کا ہی فائدہ ہے،  لیکن  یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ عین تہواروں کے موقع پر ہی کوئی نہ کوئی آلہ خراب ہوتا ہے اور بجلی منقطع ہوجاتی ہے،  اور لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم جان بوجھ کر تہواروں کے موقعوں پر بجلی کاٹتے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار رات کو  تعلقہ کے ہیبلے  الیکٹری سٹی گریڈ میں نصب5MVA (پانچ میگا وولٹ ایمپئیر) ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد بھٹکل میں   بجلی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی تھی ایسے میں  محکمہ الیکٹری سٹی نے عارضی طور پر دوسرے ٹرانسفارمر سے شہر میں بجلی کی فراہمی   کی تھی اور  بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی، جس کے تحت  الگ الگ اوقات میں الگ الگ مقامات کی بجلی سپلائی بند کی جارہی تھی۔ اب چونکہ نیا ٹرانسفارمر نصب کیا جارہا ہے، اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے  یقین دلایا ہے کہ کل جمعرات سے  بجلی کا مسئلہ  نہیں ہوگا۔


Share: